28 جنوری ، 2012
اسلام آباد … میمو کیس کے مرکزی کردارمنصور اعجاز کے وکیل اکرم شیخ نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ درخواست میں میموکمیشن کو بیرون ملک جا کر منصوراعجاز کابیان لینے کی اجازت دینے کی استدعا کی جائے گی ،ذرائع کے مطابق اکرم شیخ سپریم کورٹ میں موقف اختیار کریں گے کہ حکومت نے ان کے موکل منصور اعجاز کے پاکستان آنے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کیں ، وزیراعظم اور دیگر اہم شخصیات کے بیانات کی روشنی میں ان کے موکل نے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ کیا ، اکرم شیخ عدالت سے استدعا کرینگے کہ منصورا عجاز کا بیان میمو کیس کی تحقیقات کے لئے ضروری ہے اور میمو کمیشن کو بیرون ملک جا کر منصور عجاز کا بیان لینے کی اجاز ت دی جائے ، سپریم کورٹ کا9 رکنی بنچ چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں30 جنوری کو میمو کیس کی سماعت کرے گا، سپریم کوٹ کے 9 رکنی بنچ نے میمو گیٹ کی تحقیقات کے لئے عدالتی کمیشن بنایا تھا۔جسے جنوری میں اپنا کام ختم کرنا تھا ،کمیشن نے 24 جنوری کو سماعت کے موقع پر اپنی مدت میں اضافے کی درخواست دینے کا فیصلہ کیا تھا ، یہ درخواست باضابطہ طور پر سپریم کورٹ کو بھجوادی گئی ہے،سپریم کورٹ اس درخواست کی سماعت 30 جنوری کو کرے گی۔