28 جنوری ، 2012
کراچی … کراچی میں بھی وزیر اعظم کے میڈیا کوآرڈی نیٹر خرم رسول کے خلاف بڑے کاروباری گروپ کے ساتھ 10 کروڑ روپے کے فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کے حکام نے کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر حاجی حمید تیلی کا بیان ریکارڈ کرنے کے بعد خرم رسول کے خلاف مقدمہ درج کیا، جس کے مطابق ملزم نے کمپنی کے ساتھ دس کروڑ روپے کا فراڈ کیا ہے۔ایف آئی اے کو بتایا گیا کہ خرم رسول نے کمپنی کو رقم کی واپسی کے لئے کئی چیک بھی دیئے جو کیش نہ ہوسکے۔ ملزم کے خلاف تحقیقات کرنے والی نیب کی ٹیم نے بھی ایف آئی اے کراچی سے رابطہ کر کے کراچی کے کاروباری گروپ کے ساتھ فراڈ کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جو سپریم کورٹ میں پیش کی جائیں گی۔