14 نومبر ، 2015
کراچی......بی سی سی آئی کے صدر ششانک منوہر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان کے اس بیان کو مسترد کردیا ہے جس میں پی سی بی کی جانب سے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی حکومت نے پاک، بھارت سیریز کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے بی سی سی آئی کو کلیئرنس مل گئی ہے اور بھارتی بورڈ سیریز بھارت میں ہی کھیلنا چاہتا ہے ،تاہم بی سی سی آئی کے سربراہ ششانک منوہر نے اس بات کی تردید کی ہے۔
ششانک نے کہا کہ ابھی تو سیریز سے کلیئرنس لینے کیلئے باضابطہ طور پر حکومت سے رابطہ ہی نہیں ہوا تو گرین سگنل کیسے ملتا، ان کا کہنا تھا کہ شہریار خان سے ان کی سیریز کے حوالے سے تجاویز پر بات ضرور ہوئی ہے اور آئندہ ایک دو روز میں وہ پھر شہریار خان سے بات کریں گے ۔