پاکستان
16 نومبر ، 2015

پاکستان میں کسانوں کو انکی محنت کا پھل نہیں ملتا ،عمران خان

پاکستان میں کسانوں کو انکی محنت کا پھل نہیں ملتا ،عمران خان

میانوالی ......تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ستر فیصد پاکستان کاشتکاری پر چلتا ہے لیکن کسانوں کو انکی محنت کا پھل نہیں ملتا ،حکمرانوں نے کسان پیکج کے تحت صرف ایک طبقے کو نوازا۔حکومت نے غریب عوام کو نہیں سیٹھوں کو نوازہ ہے۔

میانوالی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپنی ووٹ سے ایک حکومت کو سزا دیں اور جواچھا کر رہے ہیں انہیں جزا دیں۔

میانوالی کے علاقہ کمرمشانی میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم بہت باشعور ہے، پرانے دور کی سیاست ختم کرکے تحریک انصاف نئے نظریے کی سیاست کرنا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے سیاست میں اپنی دکان چمکا رکھی ہے، نوزشریف اور آصف زرداری کی وجہ سے پاکستان اسٹیل مل بند ہوچکی ہے، جبکہ جدہ میں میاں صاحب کی اسٹیل مل بڑے اچھے طریقے سے چل رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکمران بڑے منصوبوں پر پیسہ لگا کر امیر ہونا چاہتے ہیں، پہلے ڈیزل پر پچیس فیصد جی ایس ٹی تھا ،اب پچاس فیصد کردیا ہے، جسے دیکھو سیاست میں آجاتا ہے، قبضہ مافیا بھی سیاست کررہا ہے، عمران خان نے شاندار استقبال پر کمرمشانی کے رہائشیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں :