16 نومبر ، 2015
گوجرہ.........وزیراعظم نوازشریف نےکہاہےکہ ایک زمانہ تھاجب 18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ تھی ، آج کم ہوگئی ، ایک زمانہ آئےگا مکمل ختم ہوجائے گی۔جب سڑکیں بنتی ہیں تو دل ملتے ہیں۔
انہوں نےکہاکہ آج کسی کے پاس الگ ایجنڈا رکھنےکی گنجائش نہیں ،سب کاایجنڈاپاکستان کی ترقی ہوناچاہیے۔وزیراعظم نوازشریف نے گوجرہ میں موٹر وے ایم فور کے گوجرہ شورکوٹ سیکشن پرتعمیراتی کام کا افتتاح کردیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کسی کے پاس الگ ایجنڈا رکھنے کی گنجائش نہیں، ٹانگیں کھینچے والے حکومت کی نہیں ، پاکستان کی ٹانگ کھینچ رہےہیں ۔
وزیراعظم نےکہاکہ ایل این جی پاور پراجیکٹ کے3منصوبوں پر110سے 115ارب روپے بچاکر قومی خزانے میں پہنچائے یہ حکومت کا کریڈٹ ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ جگہ جگہ موٹر وے کا نیٹ ورک ہوتو معیشت تیزی سے ترقی کرسکتی ہے، پاکستان کے تمام علاقوں کو ایک دوسرے کے برابر آنا ہے تو سڑکوں کا جال ضروری ہے ، بہت جلد کراچی اور لاہور بھی موٹر سے مل جائیں گے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایک زمانہ تھا،18،18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی ، آج بہت کم ہوگئی ، ایک زمانہ آئے گا جب لوڈشیڈنگ مکمل ختم ہوجائے گی۔