16 نومبر ، 2015
کراچی......سندھ کے سینئر وزیربرائے اطلاعات نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ سانگھڑ کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے لیئے سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سےکوئی مطالبہ یا درخواست نہیں کی۔
ان کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی پر بھبھکی کسنے والے کہیں کے نہیں رہینگے،بلاول بھٹو زرداری سندھ کے بعدکسی اور صوبے میں بھی جائینگے تو عمران خان کو دن میں تارے دکھا دینگے ۔
انہوں نے یہ بات سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ دھرنے کی سیاست کرنے والوں کوسندھ کے آٹھ اضلاع میں منہ کی کھانی پڑی ہے، عمران خان آمرکے ریفرنڈم کے حمایتی رہے ہیں۔انھیں سندھ اور سندھ کی عوام کبھی قبول نہیں کریگی۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ بلاول بھٹو کو بینظیر بھٹو کے فوٹو پر سیاست کے طعنے دینے والے عمران خان 2013ء کے انتخابات میں بینظیر بھٹو شہید کی تصویر سے بھی ہار گئے تھے جس انتخابات میں پی ٹی آئی نے صر ف تین صوبائی نشستیں حاصل کی تھیں اور اس وقت تو بلاول بھٹو عملی سیاست میں نہیں تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سندھ کی عوام کو جانوروں سے تشبیہ دے کر سندھ کے عوام کی بے عزتی بند کریں ۔
وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ آصف علی زردار ی اگر کسی وجہ سے ملک میں نہیں ہے مگر پارٹی چیئرمین ،مرکزی مجلس عاملہ کے اراکین سمیت صوبائی صدوراور دیگر قیادت ملک میںموجودہے ۔انھوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا دورہ اور بلدیاتی انتخابی مہم پیپلز پارٹی اپنے خرچے پر چلا رہی ہے ۔