دنیا
25 مئی ، 2012

شام میں قتل و غارت: حکومت اور اپوزیشن دونوں ذمہ دار ہیں، اقوام متحدہ

جنیوا…شام میں جاری خانہ جنگی کی انکوائری کرنے والے اقوام متحدہ کے ایک پینل نے کہا ہے کہ اس عرب ریاست میں غیر قانونی قتل و غارت کی ذمہ داری حکومت اور اپوزیشن دونوں پر عائد ہوتی ہے۔شامی حکومت کے مخالف مسلح گروپوں کی طرف سے بھی زیادتیوں کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے ۔ شام کی صورتحال کا جائزہ لینے والے ایک آزاد بین الاقوامی کمیشن کی طرف سے جنیوا میں جاری کی جانے والی ایک رپورٹ کے مطابق شام کا تنازعہ زیادہ سے زیادہ مسلح شکل اختیار کرتا جا رہا ہے۔ یہ رپورٹ شام سے فرار ہونے والے ایسے سینکڑوں افراد کے انٹرویوز کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے جو اس تنازعے کے شکار ہوئے یا وہ ایسے واقعات کے عینی شاہدین تھے۔ رپورٹ کے مطابق ایسے واقعات بھی رونما ہوئے جن میں گرفتار یا زخمی ہونے والے حکومت مخالفین کو قتل کر دیا گیا، بعض بدترین صورتوں میں تو ایسے افراد کے پورے کے پورے خاندان بھی قتل کر دیئیگئے۔اقوام متحدہ کے اس پینل کے مطابق شامی حکومت کے مخالف مسلح گروپوں کی طرف سے بھی زیادتیوں کا سلسلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ ان میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے علاوہ حکومت کے مشتبہ جاسوسوں کا قتل بھی شامل ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایسے گروپ سڑک کنارے بم نصب کرنے کے علاوہ عام شہریوں اور حکومتی اہلکاروں کے اغواء میں بھی ملوث ہیں، جس کے پیچھے تاوان کی وصولی یا پھر ان کے بدلے قیدیوں کی رہائی کا مقصد کار فرما ہوتا ہے۔

مزید خبریں :