دنیا
20 نومبر ، 2015

مالی میں ہوٹل پر حملے میں 18 افراد ہلاک، مقابلہ جاری

مالی میں ہوٹل پر حملے میں 18 افراد ہلاک، مقابلہ جاری

بماکو......فرانس کی نوآبادی رہنے والے ملک مالی کے دارالحکومت بماکو میں ایک ہوٹل پر شدت پسندوں کے حملے میں18 افراد ہلاک ہوگئے۔دہشت گردوں سے سیکیورٹی فورسز کا مقابلہ جاری ہے۔

پیرس میں برستی گولیوں اور دھماکوں کی گونج اب عالمی برادری کی سماعتوں سے ختم نہ ہوئی تھی کہ ٹھیک ایک ہفتے بعد دہشت گردی کی دوسری کارروائی سامنے آگئی،اس بار آگ اور آہن کا کھیل افریقی ملک مالی کے دارالحکومت بماکو میں کھیلا گیا۔

صبح 7بجے سفارتی نمبر پلیٹ والی گاڑی میں کم سے کم 10دہشت گردوں نے مشہور ریڈیسن بلو ہوٹل کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور آٹومیٹک رائفلوں سے گولیاں برساتے ہوئے ہوٹل کی لابی میں داخل ہوئے،دو سیکیورٹی گارڈز نے مزاحمت کی کوشش کی تو انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

ایک سو نوے کمروں کے اس مشہور ہوٹل میں عملے اور مہمانوں کو ملا کر دو سو افراد موجود تھے،جنہیں بندوق کی نوک پر یرغمال بنالیا گیا۔

سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شروع کیا تو ائیرفرانس کے عملے سمیت 80افراد کو حملہ آوروں کے چنگل سے چھڑانے میں کامیابی حاصل ہوئی،لیکن20 بھارتیوں اور 10چینی شہریوں سمیت 100سے زائد یرغمالیوں کی قسمت اب بھی ہوٹل کی ساتویں منزل پر قبضہ جمائے دہشت گردوں کے ہاتھوں میں ہے۔

دہشت گردوں کا تعلق انصار الدین نامی تنظیم سے بتایا گیا ہے۔ فورسز نے آپریشن میں تین دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔ دہشت گردوں کے خاتمے اور یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے مالی کی مسلح افواج کے ساتھ ساتھ امریکی اور فرانسیسی اسپیشل فورسز نے بھی محاذ سنبھال لیا ہے۔

مزید خبریں :