پاکستان
21 نومبر ، 2015

طلاق کا عمران کی سیاست پر منفی اثر پڑے گا، اکثریتی رائے

طلاق کا عمران کی سیاست پر منفی اثر پڑے گا، اکثریتی رائے

کراچی......پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی ریہام خان سے طلاق پر مختلف حلقوں کی جانب سے کئی آرا دی گئیں۔ عوام نے اس بارے میں اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ایک سروے میں۔

عمران خان اور ریہام خان کا شادی سے طلاق کا سفر جہاں میڈیا کی توجہ کا مرکز رہا وہیں سیاسی حلقوں میں بھی اس پر کئی رائے سامنے آئیں۔

عوام اس معاملے پر کیا رائے رکھتے ہیں ،یہ گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے میں دیکھا جاسکتا ہے، جو چار صوبوں میں شماریاتی طور پر منتخب 18 سو سے زائد افراد سے کیا گیا۔

سروے میں عوام سے پوچھا گیا کہ کیا طلاق کے اس معاملے کی وجہ سے عمران خان کی سیاست پر مثبت اثر پڑے گا، منفی اثر پڑے گایا کوئی فرق نہیں آئے گا؟

جواب میں 57 فیصد افراد کا کہنا تھا کہ اس معاملے کا عمران خان کی سیاست پر منفی اثر پڑے گا، 16 فیصد نے کہا کہ مثبت اثر پڑے گا، جبکہ 25 فیصد کا خیال تھا کہ کوئی اثر نہیں پڑے گا،2 فیصد نے اس سوال کا جواب نہیں دیا۔

جس کے بعد سے عوام سے پوچھا گیا کہ آپ کے خیال میں عمران خان اور ریہام خان کی طلاق کے معاملے میں کون زیادہ ذمہ دار ہے؟

جواب میں 45 فیصد افراد نے دونوں کو اس طلاق کا ذمہ دار قرار دیا، 29 فیصد نے ریہام خان جبکہ 26 فیصد نے عمران خان کو اس طلاق کا ذمہ دار قرار دیا۔

سروے میں عوام سے اس بارے میں بھی رائے مانگی گئی کہ کیا عمران خان اور ریہام خان کی طلاق میں پی ٹی آئی کے معاملات کا کوئی عمل دخل ہے؟

جواب میں سروے میں شامل 56 فیصد افراد نے کہا کہ عمران خان اور ریہام خان کی طلاق میں پی ٹی آئی کے معاملات کا عمل دخل ہے، 44 فیصد نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے، 1 فیصد نے اس سوال کوئی جواب نہیں دیا۔

سروے میں عوام سےیہ بھی پوچھا گیا کہ کیا عمران خان اور ریہام خان کی طلاق ان کا ذاتی معاملہ ہے اور اس پر میڈیا میں گفتگو نہیں ہونی چاہیے؟

جواب میں 51 فیصد افراد نے کہا کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ ہے اور میڈیا میں اس پر گفتگو نہیں ہونی چاہیے، جبکہ49فیصد کا کہنا تھا کہ یہ ان کا ذاتی معاملہ نہیں اور میڈیا میں اس پر بات ہونی چاہیے۔ 1 فیصد نے اس پر کوئی رائے نہیں دی۔

مزید خبریں :