24 نومبر ، 2015
برسلز......برسلز میں حملوں کا خطرہ برقرار ہے جبکہ اسکول اور میٹرو آج بھی بند رہیں گے ۔برسلز میں نظام زندگی بدھ سے معمول پرآسکےگا۔
وزیر اعظم بیلجئیم کا کہنا ہے کہ برسلز میں الرٹ کی کیٹگری رواں ہفتے 4 پر بر قرار رہے گی،پیرس حملوں سےتعلق کےشبہ میں بیلجیم سے گرفتارملزم پرفردجرم عائد کر دی گئی ۔
برسلز میں ہفتے سے کاروبار زندگی مفلوج ہے، سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔آج مسلسل چوتھے روز بھی برسلز میں اسکول اور میٹرو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ بیلجیم کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ بدھ سے اسکول اور میٹرو سروس بحال کر دی جائے گی۔تاہم پیرس طرز کے حملوں کا خطرہ ٹلا نہیں ہے۔ دارالحکومت میں اگلے ہفتے تک سیکورٹی الرٹ کی کیٹگری فور برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادھر برسلز کے مختلف علاقوں میں اتوار کو سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیے گئے ایک شخص پر پیرس حملوں میں ملوث ہونے کے الزام میں فرد جرم عائد کردی گئی ۔ بیلجیم کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 13نومبر کے دہشت گرد حملوں کے الزام میں اب تک 4افراد پر جرم عائد کی ہے۔ حراست میں لیے گئے دیگر افراد کو تفتیش کے بعد رہا کردیا گیا ۔
ادھر پیرس کے جنوبی علاقے مونٹروج میں کچرے کے ڈھیر سے مبینہ خودکش جیکٹ ملی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے پیرس حملوں کے بعد اس علاقے سے صالح عبدالسلام نے آخری فون کال کی تھی۔ ہوسکتا ہے یہ خودکش بیلٹ اسی نے ٹھکانے لگائی ہو۔پیرس اورگردوانواح کے8علاقوں میں اسکولوں کےباہرفوج تعیناتی کافیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
پیرس میں 13نومبر کے سفاکانہ حملوں اور بیلجیم میں دہشت گردی کے سنگین خطرے نے یورپی یونین کو سر جوڑ کر بیٹھنے پر مجبور کردیا۔یورپی یونین کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے 29نومبر کو برسلز میں غیرمعمولی سربراہی اجلاس بلالیا ہے۔ جس میں ترکی کو خصوصی طور پر شرکت کی دعوت دی ہے۔