پاکستان
25 نومبر ، 2015

پشاور: پاکستان کرنسی ایکسچینج کی برانچ پر ایف آئی اے کا چھاپہ

پشاور: پاکستان کرنسی ایکسچینج کی برانچ پر ایف آئی اے کا چھاپہ

پشاور....... افضل ندیم ڈوگر........پشاور میں پاکستان کرنسی ایکسچینج کی برانچ پر ایف آئی اے اور پولیس نے مشترکہ طور پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا، کارروائی کے دوران ایف آئی اے کی ٹیم کو مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ، حوالہ، ہنڈی اور دیگر معاملات کی چھان بین کے لئے ایف آئی اے کی ٹیم نے پشاور میں یادگار چوک پر واقع پاکستان کرنسی ایکسچینج کمپنی کی برانچ پر چھاپہ مارا۔ ایف آئی اے کے ذرائع کے مطابق چھاپہ مار پارٹی کو سیکورٹی گارڈز نے کافی دیر تک برانچ میں گھسنے نہیں دیا اور برانچ کے گیٹ اندر سے بند کرلئے۔

اس دوران ایف آئی اے کے عملے نے مقامی پولیس کو بھی طلب کرلیا جس کی مدد سے ایک گھنٹے بعد ایف آئی اے کا عملہ برانچ میں داخل ہونے میں کامیاب ہوا۔ ذرائع کے مطابق اس دوران مبینہ طور پر برانچ کے کمپیوٹرز سے خلاف ضابطہ ریکارڈز ضائع کردیا گیا اور کیپیٹل اماؤنٹ کے حوالے سے شواہد ختم کر دیئے گئے۔

ایف آئی اے کے حکام رات گئے تک برانچ میں موجود رہے۔ اس سلسلے میں کمپنی کے مالک اور فارکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے کہا کہ برانچ پر ایف ائی اے نے چھاپہ نہیں مارا بلکہ ایف آئی اے کی ٹیم کیپیٹل اماؤنٹ اور دیگر معمولات کی چیکنگ کیلئے آئی تھی۔

ملک بوستان نے کہا کہ ان کے عملے نے مزاحمت نہیں کی بلکہ اسٹیٹ بینک سے اجازت لینے میں دیر ہوئی جس کے بعد اہلکاروں کو برانچ میں جانے دیا گیا۔ دو سال قبل کراچی میں شارع فیصل پر بھی پاکستان کرنسی ایکسچینج پر چھاپے کے دوران ایف آئی اے کے کئی افسران پر کمپنی کے گارڈز نے تشدد کیا تھا اور ایف آئی اے کے افسران کو کئی گھنٹے تک یرغمال بنایا گیا تھا، جس کے بعد پولیس اور دیگر اداروں کی مداخلت کے بعد ایف ائی اے کی ٹیم کے ارکان کو چھوڑا گیا تھا۔

مزید خبریں :