26 نومبر ، 2015
کراچی......امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے لیاری کو دہشت گردی میں جھونک کر پسماندگی کے اندھیروں میں دھکیل دیا، جماعت اسلامی علاقے کے عوام کے تمام مسائل حل کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں لیاری کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔علاقے کے عوام نے نوالین چیل چوک پر ان کا پرتپاک استقبال کیا-
سراج الحق نوالین،سنگولین،بہار کالونی، آگرہ تاج اور موسی لین کے استقبالی کیمپوں میں گئے جہاں عوام نے کہیں ان پر پھول نچھاور کئے تو کہیں اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
مجمع سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ لیاری کے لوگوں نے ہمیشہ پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا لیکن بدلے میں انہیں ٹوٹی پھوٹی سڑکیں،غربت اور لاشیں ملیں۔
سراج الحق نے کہا کہ لیاری سابق میئرعبدالستارافغانی کی بستی ہے۔علاقے کے عوام اگر تعمیر و ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں تو جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔