26 نومبر ، 2015
لاس اینجلس .......ہالی وڈ میں رواں سال یونیورسل پکچرز کامیاب ترین فلمساز ادارہ قرار پایا ہے جبکہ’جراسک ورلڈ‘ڈیڑھ ارب ڈالر کما کر بلاک بسٹر فلم ٹھہری۔
تفصیلات کے مطابق ہالی وڈ فلم’فیوریس سیون‘نے بھی دنیا بھر کے سنیما گھروں سے ڈیڑھ ارب ڈالر سمیٹے۔ فلم’ایوینجرز ایج آف الٹرون‘نے انٹرنیشنل مارکیٹ میں ایک ارب چالیس کروڑ ڈالر کمائے۔
ہالی وڈ اینی میٹڈ فلم’منیئنز‘نے دنیا بھر سے ایک ارب پندرہ کروڑ ڈالر کا بزنس کیا۔ ایک اور اینی میشن فلم’اِن سائیڈ آؤٹ‘نے ورلڈ مارکیٹ سے 85 کروڑ سمیٹے۔
ہالی وڈ ایکشن فلم’مشن امپوسبل روگ نیشن‘ 68 کروڑ ڈالر کما کر بڑی فلموں میں شامل رہی۔ فلم’ففٹی شیڈز آف گرے‘نے 55 کروڑ ڈالر اپنے نام کیے۔
جیمز بانڈ سیریز کی فلم’اسپیکٹر‘ ریلیز کے ایک ماہ بعد تک67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کما چکی ہے۔ فلم’سنڈریلا‘کے حصے میں 54 کروڑ20لاکھ ڈالر آئے۔
فلم ’آنٹ مین‘نے51 کروڑ 80لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔ ادھر اسٹار وارز سیریز کی نئی فلم’دی فورس اویکنز‘کی ریلیز سے قبل ہی پانچ کروڑ ڈالر کی ٹکٹیں آن لائن فروخت ہوچکی ہیں۔