27 نومبر ، 2015
ویلیٹا........مالٹا میں دولت مشترکہ کانفرنس آج سے شروع ہو گی۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر اعظم نواز شریف کریں گے۔ وزیراعظم دورے کے دوران دیگر رہنماوں کے علاوہ فرانسیسی صدر سے بھی ملیں گے اور پیرس حملوں پر افسوس کا اظہار کریں گے۔
وزیراعظم نوازشریف 3روزہ دورے پر مالٹا پہنچے تو ایئر پورٹ پر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔ وزیراعظم آج سے شروع ہونے والی چوبیسویں دولت مشترکہ کانفرنس میں شرکت کریں گے، جو 29نومبر تک جاری رہے گی۔ کانفرنس میں پُرتشدد انتہاپسندی، پائیدار ترقی اور تارکین وطن کے مسائل پر سیشن ہوں گے۔
فرانس کے صدر فرانسوا اولاند بھی کانفرنس میں خصوصی شرکت کر رہے ہیں۔ کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف فرانسیسی صدر سے ملاقات کریں گے جس میں انسداد دہشت گردی کے لیے دو طرفہ تعاون اور دیگر امور پر بات کی جائے گی۔ نوازشریف کی دوسری اہم ملاقات برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون سے ہوگی, جس میں دوطرفہ تعاون اور باہمی تعلقات سے متعلق معاملات زیرغور آئیں گے۔
وزیراعظم 29تاریخ کو فرانس روانہ ہوں گے۔ جہاں وہ موسمیاتی تبدیلیوں پر ہونے والی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔ اس کانفرنس کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف اور بھارتی وزیر اعظم ایک دوسرے سے ہاتھ بھی ملائیں گے۔