27 نومبر ، 2015
لاہور....... پی سی بی کو بھارت کے ساتھ سری لنکا میں کرکٹ سیریز کھیلنے کے لیے حکومت کا تحریری اجازت نامہ مل گیا ہے، دوسری طرف بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ بھارت کی طرف سے کوئی بھی فیصلہ پیر تک متوقع ہے۔
پی سی بی کو حکومت کا تحریری اجازت نامہ مل گیا، وزیراعظم نے پی سی بی کو بھارت کے ساتھ سری لنکا میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کی طرف سے گزشتہ روز اجازت دی گئی لیکن کل تک کرکٹ بورڈ کو یہ خط موصول نہیں ہوا تھا۔
پی سی بی کے مطابق سری لنکا میں ہونے والی سیریز کا میزبان پاکستان ہوگا اور سیریز دسمبر جنوری میں ہوگی ، بھارتی رضامندی وصول ہونے کےبعد پی سی بی سیریز کا حتمی شیڈول جاری کرے گا۔
دوسری طرف بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے سری لنکا میں کرکٹ سیریز پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ بھارتی ڈومیسٹک کرکٹ آئی پی ایل کے چیف راجیو شکلا پاکستان سے سیریز کے حق میں ہیں اور انہوں نے کہا ہےکہ پاکستان سے بھارت کے تجارتی تعلقات ہیں تو کرکٹ بھی ضرور کھیلنی چاہیے۔
ادھر بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ بھارت کی طرف سے بھی سیریز آن ہے ، وزارت خارجہ نے یہی کہا ہےکہ فیصلہ نہیں ہوا ، سیریز نہ کھیلنے کی کوئی بات نہیں ہوئی ، امکان ہے کہ پیر تک سیریز سے متعلق حتمی فیصلہ ہوجائے گا۔