28 نومبر ، 2015
اسلام آباد.......وزیر اعظم نےپاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کوموٹروے میں تبدیل کرنے کا حکم دے دیا، راہداری کے دونوں اطراف انڈسٹریل زونز کی تعمیر کی جامع حکمت عملی کی منظوری دیتے ہوئے 9رکنی اعلیٰ سطح کمیٹی بھی قائم کردی ۔
وزیراعظم نوازشریف نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کو دو رویہ کی بجائے چار لین پرمشتمل موٹروے میں تبدیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ اے این پی،جے یو آئی ف سمیت خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے وزیر اعظم سے یہ مطالبہ کیا تھا ۔
جیونیوز کی حاصل کردہ دستاویز کے مطابق وزیراعظم نے اس موٹر وے کی فوری تعمیر کے لیے این ایچ اے کو ایشین ڈویلپمنٹ بنک سے اضافی فنڈز ایک ماہ کے اندرحاصل کرنےکی ہدایت کی ہے ۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک سے فنڈنگ نہ ملنے کی صورت میں پبلک سیکٹرڈویلپمنٹ فنڈزکی رقم استعمال کی جائے گی ۔ ذرائع کا کہناہےکہ اب 4 رویہ موٹر وے کے لیے 6 لین کی زمین مختص کی جائے گی جسے مستقبل میں ضرورت کے تحت تعمیر کیا جا سکے گا ۔
پاک چین اقتصادی راہداری کے دونوں اطراف انڈسٹریل زونز کی تعمیر کی جامع حکمت عملی کی منظوری بھی دے دی گئی ہے ، صنعتی زونز کے مقامات کے تعین کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس کے سربراہ چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ ہوں گے، کمیٹی 15 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔