28 نومبر ، 2015
کراچی.....بلدیاتی الیکشن کے سلسلے میں عمران خان اور سراج الحق کی قیادت میں نکالی گئی مشترکہ ریلی شارع فیصل پر رواں دواں ہے،جو براستہ راشد منہاس روڈ گلشن اقبال سے مزار قائد پہنچے گی ۔
تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے مقامی رہنما ئوں سمیت بڑی تعداد میں پرجوش کارکنا ن بھی ریلی میں شریک ہیں، جو کہ شارع فیصل،راشدمنہاس روڈ،جوہڑموڑ،نیپا چورنگی،حسن اسکوئرسےگزرے گی،جس کا اختتام مزار قائد پر ہوگا ۔
کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا ریلی نکالنے کے حوالے سے کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اورپی ٹی آئی نے انتظامیہ سے اجازت نہیں لی،الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کارنر میٹنگز کی اجازت ہے جبکہ ریلی نکالنے اور جلسے کرنے پر پابندی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانے کی ہدایت کررکھی ہے ،جس کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔
اس حوالے سے تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہم نے اجازت کیلئے درخواست جمع کرائی تھی،جس کی ریسیونگ ہمارے پاس موجود ہے،انتظامیہ نے اس حوالے سے مکمل خاموشی اختیار کئے رکھی،جسے ہم نے پاکستانی فلموں کی دلہن کی خاموشی جیسی ہاں سمجھا ہے۔