پاکستان
28 جنوری ، 2012

امریکا :ڈیلس میں پاکستانی نژاد امریکیوں کا ایک اجلاس

امریکا :ڈیلس میں پاکستانی نژاد امریکیوں کا ایک اجلاس

ڈیلس … راجہ زاہد اختر خانزادہ … امریکا میں مختلف شعبہ ہائے جات میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانی نژاد امریکیوں کا ایک اجلاس ڈیلس میں مقامی سیاسی و سماجی شخصیت سید فیاض حسن کی رہائش گاہ پر منعقد ہواجس میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا ،اورفیصلہ کیاگیا کہ اس سلسلے میں ایک ایڈہاک کمیٹی تشکیل دی جائے جوکہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کیلئے ایک گروپ کے اغراض و مقاصد اور اس کے حتمی نام کے سلسلے میں فیصلہ کرے گی۔ کمیٹی میں معروف اٹارنی توصیف کمال، سید فیاض حسن، آصف آفندی، ڈاکٹر قیصر عباس، ڈاکٹر غلام نبی، راجہ زاہد خان زادہ، ہادی جواد اور آفتاب صدیقی کو نامزد کیا گیا۔ اس موقع پر سید فیاض حسن نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور مضبوطی کیلئے امریکہ میں بسنے والے پاکستانی نژاد امریکی اہم کردار اداکرسکتے ہیں اور اپنے کانگریس اور سینیٹ کے اراکین کیساتھ ساتھ امریکی حکومت پر جمہوریت کے استحکام کیلئے دباؤڈال سکتے ہیں۔اٹارنی توصیف کمال نے کہا کہ پاکستان میں ایسے گروپ کی تشکیل انتہائی ضروری ہے۔ تمام حاضرین نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کااظہار کیا اور کہا کہ جمہوریت کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ ایڈہاک کمیٹی کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں کام مکمل کرلیا جائیگا اور آئندہ کالائحہ عمل بھی تیار کیا جائیگا ، اس سلسلے میں کمیٹی مزید سیاسی و سماجی رہنماؤں سے رابطہ بھی کرے گی۔

مزید خبریں :