26 مئی ، 2012
میامی…امریکی ریاست جنوبی کیرولینا کے ساحل پر موسمیاتی طوفان ” بریول “ نمو دار ہوگیا۔ دوسری طرف خلیج میکسیکو میں سمندری طوفان ” بڈ“پہنچ گیا۔ امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق بریول میں 45میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور طوفان بحیرہ اوقیانوس میں چارلسٹن سے 490کلو میٹر دور مشرق میں نمو پذیر ہوا ہے تاہم اس سے آئل اینڈ گیس ڈرلنگ یا پیداوار کو کوئی خطرہ نہیں۔ شمال مشرقی فلوریڈا سے لے کر ساؤتھ کیرولینا کے ساحلی علاقوں میں ٹراپیکل اسٹارم کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے جس کامطلب آئندہ 24گھنٹے میں طوفان کسی وقت بھی ساحل سے ٹکرا سکتا ہے ۔ بحیرہ اوقیانوس میں سمندری طوفان بننے کا موسم یکم جون سے 30نومبر تک رہتا ہے ۔ دوسری طرف خلیج میکسیکو میں سمندری طوفان ” بڈ“ کمزور ہوگیا۔ گذشتہ ہفتے کے آخر میں اس طوفان نے ساحلی علاقوں میں تباہی مچائی اور خلیج میکسیکو میں سیزن 2012ء کا پہلا سمندری طوفان رہا۔