دنیا
26 مئی ، 2012

بھارت: گجراتفسادات کے دوران دولاکھ افراد بے گھر ہوئے،رپورٹ

احمد آباد… بھارتی ریاست گجرات کی ایک غیرسرکاری این جی او ”جنویکاس “ نے اپنی سروے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ریاست میں 2002ء کے پرتشدد واقعات کے دوران دولاکھ افراد بے گھر ہوئے جن میں سے 16 ہزار مسلمان دس سال گزرنے کے باوجود ابھی تک 83 پناہ گزین کیمپوں میں زندگی گزارنے پرمجبور ہیں ۔ رپورٹ میں جنویکاس نے بتایا کہ یہ افراد بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور 10 سال گزرنے کے باوجود ان مسلمانوں کے مسئلے کا کوئی حل تلاش نہیں کیاجاسکا۔ یہ افراد انتہائی کسمپری کی زندگی گزارنے پرمجبور ہیں اور گندے پانی کی نکاسی کا کوئی نظام نہ ہونے کے باعث کئی بچے بیمار اور کئی موت کے منہ میں جاسکتے ہیں ۔ ادھر جنویکاس این جی او کی جانب سے اس بارے میں منعقدہ کنونشن جس کا موضوع تھا گجرات کے بے گھر افراد میں خطاب کرتے ہوئے پیپلزیونین فارسول لیبرٹیز کے صدر روہت پراجانپی نے کہاکہ ریاستی حکومت کو جو ریاست میں انسانی حقوق کے بڑے بڑے دعویٰ کرتے ہیں اس حقیقت کو تسلیم کرناچاہیے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان 16 ہزار بے گھر مسلمانوں کے مسئلے کوحل کرنے کیلئے سنجیدہ غورفکر کرے ۔واضح رہے کہ یہ افراد ہندو انتہاپسندوں کی طرف سے قتل کی دھمکیوں کی وجہ سے ابھی تک واپس اپنے گھروں کو نہیں جاسکے۔

مزید خبریں :