پاکستان
03 دسمبر ، 2015

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم ،مختلف شہروں سے جلوس بر آمد

ملک بھر میں شہدائے کربلا کا چہلم ،مختلف شہروں سے جلوس بر آمد

کراچی/راولپنڈی/لاہور/کوئٹہ/پشاور........شہدائے کربلا کا چہلم آج ملک بھر میں عقیدت واحترام سے منایا جارہا ہے، جلوسوں اور مجالس کے لیے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں ، لاہور اور راولپنڈی سمیت متعدد شہروں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر گامزن ہیں ، کئی شہروں میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی ہے

دین حق کی سربلندی کے لیے جانوں کا نذرانہ دینے والے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ اور ان کے ساتھیوں کا چہلم آج ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا جارہاہے ، ملک کے مختلف شہروں میں چہلم کے جلوس برآمد کیے جارہے ہیں اور مجالس منعقد کی گئی ہیں۔

کراچی میں چہلم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے کچھ دیر میں برامد ہورہا ہے ، جلوس اپنے مقررہ راستوں ایم اے جناح روڈ ، ایمپریس مارکیٹ ، اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ اریانیاں کھارادر پہنچ کر ختم ہوگا ، جلوس کی سیکیورٹی کے لیے دس ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ راستوں کو کنٹینر لگاکر سیل کیا گيا ہے ۔

لاہور میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے برآمد ہوا اور اب اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے ، جلوس شام تک کربلا گامے شاہ پہنچ گر ختم ہوگا ، جلوس کے راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں شہدائے کربلا کے چہلم کا جلوس رحمت اللہ چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوگیا ہے ، سیکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ ایف سی اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکار تعینات ہیں ، جلوس شام تک بہشت زہرہ پہنچ کر ختم ہوگا ۔

پشاور ميں چہلم کے تین مرکزی جلوس نکالے جارہے ہیں جن کی سیکیورٹی کے لیے تین ہزار اہلکار تعینات ہیں ، سیکیورٹی کے لیے جلوس کے راستوں پر داخلی اور خارجی راستوں کوبند کردیا گیا ہے۔

ادھر راولپنڈی میں بھی شہدائے کربلا کے جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول حسین اور امام بارگاہ عاشق حسین سے برآمد ہوئے ۔
چہلم کے موقع پر کرم ایجنسی میں پاک افغان سرحدسیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دو روز کیلئے بند کردی گئی ہے ۔ موبائل اوروائرلیس فون سروس بھی بند ہیں ۔ایجنسی بھر میں دو روز کی تعطیل ہے۔

مزید خبریں :