Time 25 اپریل ، 2025
پاکستان

بھارت نے جیلوں میں قید پاکستانی ماہی گیر، چرواہوں کے انکاونٹرکرنا شروع کردیے ہیں، عطا تارڑ

بھارت نے جیلوں میں قید پاکستانی ماہی گیر، چرواہوں کے انکاونٹرکرنا شروع کردیے ہیں، عطا تارڑ
فوٹو؛ فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ  اگر بھارتی جیلوں میں کوئی پاکستانی ماہی گیر یا چرواہا قید ہے تو بھارت نے ان کا انکاؤنٹر کرنا شروع کردیا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بوکھلاہٹ میں بھارت مقبوضہ کشمیر میں جعلی مقابلےکےذریعے لوگوں کوشہید کررہا ہے، بھارت نے بانڈی پورہ اور اڑی سیکٹر میں لوگوں کوشہید کرنا شروع کردیا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ بانڈی پورہ میں الطاف لالی نامی شخص کو گھر سے اغوا کرکے شہید کیا گیا، اڑی سیکٹر میں بھی محمد فاروق اور محمد دین کو شہید کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو گھروں اور جیلوں سے نکال کر جعلی مقابلوں میں مارا جارہا ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کی ایف آئی آر بھارت کی بوکھلاہٹ کا ایک اور ثبوت ہے، واقعے کے 10 منٹ بعد ہی ایف آئی آر درج کرلی گئی، یہ کیسا واقعہ ہے جس کی ایف آئی آر واقعے کے 10 منٹ بعد ہی درج کردی گئی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا میں بےنقاب ہوچکا ہے، بھارت نے کوئی بھی ایڈوینچر کیا توبھرپورجواب دیا جائے گا، بیانیے کی جنگ میں پاکستان کو سبقت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعے کی آڑ میں مقبوضہ کشمیرکا اسٹیٹس تبدیل کرنے کی کوشش کی اور پہلگام واقعے کی آڑ میں سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوشش کی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ  پاکستان دو ٹوک انداز میں کہہ چکا ہے کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت دہشتگردی کو ہتھیار کے طورپراستعمال کرکے مظلوم بننے کی کوشش کررہا ہے، بھارت کے خلاف پاکستان میں دہشتگردی کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ بھارت کی اہلیت کا اندازہ اسی سے لگایا جاسکتا ہےکہ آج اپنی ہی آبادی کو نشانہ بنادیا، بھارت اپنے اس پائلٹ کو نہ بھولے جسے پاکستان میں چائے کا کپ پلا کر واپس بھیجا گیا تھا۔


مزید خبریں :