26 اپریل ، 2025
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے چیف جسٹس پاکستان، یحییٰ آفریدی اور قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر کے نام قلمبند کیے گئے ایک خط میں اپنے ساتھ ہونے والی مبینہ زیادتیوں کے زخموں پر مرہم رکھنے اور ایکشن لینے کی استدعا کی ہے۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری و قانونی امور کے سربراہ سلمان اکرم راجہ نے جمعہ کے روز 9 صفحات پر مشتمل خط چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کے چیمبر میں پہنچایا۔ اس موقع پر عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ اور دیگر قیادت بھی ان کے ہمراہ تھی۔
"آئین کی حالت اور پاکستان میں قانون کا نفاذ" کے عنوان سے تحریر کئے گئے خط میں عمران خان کی جانب سے اپنے اوپر دو سو سے زائد فوجداری مقدمات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی اور بشری بی بی کو ملنے والی سزائے قید کواپنے خلاف سیاسی انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔
خط میں پارٹی کے دیگر رہنماؤں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفرازچیمہ، محمود الرشید اوراعجاز چوہدری وغیرہ کا ذکر بھی کیاگیا ہے۔