پاکستان
03 دسمبر ، 2015

یونان سے بے دخل 30 افراد کو تصدیق نہ ہونے پر واپس بھجوا دیا گیا

یونان سے بے دخل 30 افراد کو تصدیق نہ ہونے پر واپس بھجوا دیا گیا

اسلام آباد......یونان سے بے دخل کرکے پاکستان پہنچائے گئے 49 افراد میں سے 19 کو یہاں روک لیا گیا، جبکہ شہریت کے ثبوت نہ ہونے پر 30 افراد کو اسی یونانی طیارے سے واپس بھجوادیا گیا ۔

ملکی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ بے دخل کیے گئے افراد کو ثبوت نہ ہونے کی بنا پر واپس بھجوایا گیا ہے۔یونان سے بے دخل کیے گئے افراد کو لے کر چارٹر طیارہ پاکستان میں اسلام آبادکے بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پور پر پہنچا تو اسے لینڈنگ کے بعد روک لیا گیا۔

سوار افراد کو طیارے کے اندر ہی بیٹھے رہنے کی ہدایت کی گئی، وزارت داخلہ نے احکامات جاری کردیئے کہ مسافروں کی شہریت کی تصدیق کے بغیر انہیں باہر نہ آنے دیا جائے۔

وزیر داخلہ نے سول ایوی ایشن پر بھی برہمی کا اظہار کیا کہ اس نے طیارے کو کیسے اترنے دیا، جبکہ یونانی حکومت کی طرف سے پاکستانیوں کو بے دخل کیے جانے کے کوئی ثبوت حکومت پاکستان کو نہیں دیئے گئے۔

کافی دیر تک بے دخل کیے گئے افراد طیارے میں ہی بیٹھے رہے، ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یونانی طیارہ 49افراد کو لے کر پاکستان آیا تھا، ان میں سے 19افراد کے پاکستانی ہونے کی تصدیق وزارت خارجہ کے توسط سے پہلے ہی کردی گئی تھی، تاہم 30افراد کو اسی چارٹر طیارے کے ذریعے واپس بھجوادیا گيا۔

یونانی حکومت نے ان 30افراد کو شہریت کی تصدیق کے بغیر پاکستان بھجوایا تھا، پاکستانی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی بھی ملک سے بے دخل کرکے پاکستان پہنچائے گئے افراد کو واپس اسی ملک بھیج دیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار گذشتہ دنوں اس فیصلے کا اعلان کرچکے تھے کہ بغیر کسی ثبوت اور شناختی عمل نہ ہونے کے وہ بے دخل کیے گئے افراد کو لانے والے کسی جہاز کو پاکستان میں نہیں اترنے دیں گے۔

مزید خبریں :