07 دسمبر ، 2015
اسلام آباد..... عمران فاروق قتل کیس میں نامزدتین ملزمان ، معظم علی ، محسن علی سید ، اور خالد شمیم کو انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کردیا گیا ، ایف آئی اے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کرے گی ۔
معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی کوانسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے کی نگرانی میں ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں لایا گیا۔
گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ و ڈیوٹی جج اسلام آباد حیدر علی نے ایم کیو ایم کے رہنماڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں تین ملزمان کا ایک روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا، اس موقع پر سکیورٹی کیلئے رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے کے تفتیشی افسر اور قانونی ٹیم نے موقف اختیار کیا کہ تینوں ملزمان کو متعلقہ عدالت میں پیش کرنا ہے اس لئے ملزمان کو راہداری ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا جائے۔ عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ ملزمان کوکل متعلقہ عدالت کے روبرو پیش کرے۔
ایف آئی اے نے ہفتہ کو عمران فاروق قتل کیس کا مقدمہ درج کیا تھا جس میں متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین سمیت محمد انور ، افتخار حسین ، معظم علی، خالد شمیم، کاشف خان کامران اور سید محسن علی کو نامزدکیا گیاہے۔