09 دسمبر ، 2015
واشنگٹن......امریکامیں صدارتی امیدوار بننے کے ری پبلکن خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ لندن کےبعض علاقوں میں انتہاپسندی اتنی زیادہ ہےکہ پولیس بھی گھبراتی ہے،اس بیان پر کئی اراکین پارلیمنٹ نے ٹرمپ کےبرطانیہ داخلےپرپابندی کامطالبہ کردیاہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں مسلمانوں کے امریکا میں داخلے پر عارضی پابندی کامطالبہ کیاتھا۔ڈونلڈ نے ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ لندن میں کچھ کمیونٹیز انتہاپسندی کی طرف مائل ہیں اور پولیس کو ان علاقوں میں جاتے ہوئے اپنی جانوں کی فکر ہوتی ہے۔
اسکاٹ لیڈیارڈنے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر کڑی تنقیدکی ہے،حکمراں اورلیبرپارٹی بھی ان کے بیان پر آگ بگولہ ہے جبکہ بعض حلقوں کی جانب سے امریکی صدارتی امیدوارکے برطانیہ داخلے پرپابندی کامطالبہ بھی کیا گیا ہے۔
برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کاکہناہےکہ ٹرمپ کےبیانات سے تقسیم پیدا ہوگی۔اسکاٹ لینڈیارڈکاکہناہےکہ ڈونلڈٹرمپ اس سے زیادہ غلط نہیں ہوسکتے ۔لندن کے میئر بورس جونسن کا کہنا تھا کہ وہ صرف اس خطرے کی وجہ سے نیویارک کے بعض علاقوں میں نہیں جاتے کہ کہیں ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات نہ ہوجائے ۔
کنزرویٹو پارٹی کی جانب سے لندن مئیر کے امیدوار زیک گولڈ اسمتھ نے ٹرمپ کو گھناونی مخلوق قراردیاجبکہ لیبر پارٹی کے میئر کے پاکستانی نژاد امیدوار صادق خان نے کہا کہ ٹرمپ کامیاب ہوئےتومطلب یہ ہوگا کہ صادق خان اوراس جیسےدیگرمسلمانوں کوامریکی اہلکارواپس بھیج دیں گے۔