پاکستان
09 دسمبر ، 2015

بھارت افغانستان میں امن کیلئے تعاون پر تیار ہے، سشما سوراج

 بھارت افغانستان میں امن کیلئے تعاون پر تیار ہے، سشما سوراج

اسلام آباد.......بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کے علاوہ افغانستان میں امن کا کوئی راستہ نہیں، بھارت افغانستان میں امن و استحکام میں تعاون کے لیے تیار ہے، افغانستان میں جمہوریت قدم جمارہی ہے۔

اسلام آباد میں ہارٹ آف ایشیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ تعلقات انتہائی اہم ہیں ، افغانستان کے ساتھ تجارت کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے ۔

سشما سوراج کا کہنا تھا کہ بھارت افغانستان کی مصنوعات کی ترسیل کیلئے کردار ادا کررہا ہے، علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے کام کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے ، علاقائی ممالک کو سیاسی پختگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

سشما سوراج نے کہا کہ افغانستان کو اہم داخلی مسائل کا سامنا ہے،حالیہ دنوں میں افغانستان میں دہشت گردی بڑھی ہے، افغانستان کو قبائل کے بجائے دہشت گردی سے خطرہ ہے،ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی ختم کرنا افغانستان کی ذمے داری ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ 2016میں ہارٹ آف ایشیاکانفرنس کیلئےبھارت میں سب کاخیر مقدم کرینگے۔

مزید خبریں :