13 دسمبر ، 2015
لاہور.......اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ووٹ ٹرانسفر پر پی ٹی آئی کی درخواست پر انھیں سنے بغیر معاملہ ٹریبونل کو بھیج دیا ، یہ الیکشن کمیشن کی بدنیتی ہے۔
ایاز صادق نے الیکشن کمیشن کو بددیانت، نا اہل اور بدنیت قرار دے دیا ان کا کہنا ہے کہ یہ پیار نہیں دھمکیوں کی زبان سمجھتا ہے۔لاہور میں اپنے حلقے میں 20 کروڑ کی مالیت کے 25 بستروں کے سرکاری اسپتال کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے میرے وکیل کو بلانا مناسب نہیں سمجھا ، الیکشن کمیشن نے اپنے خلاف مقدمہ الیکشن ٹربیونل کا بھجوادیا ، ان کا کہنا تھا کہ پٹشن آئی تو مجھے کیوں نہ بلایا گیا بدنیتی نہ کہوں تو اور کیا کہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو وکیل دینے کو تیار ہوں الیکشن کمیشن نااہل ہے،اس نے جو فیصلہ دیا ہے اس میں 2015 کی بجائے 2013 کا الیکشن لکھ دیا ہے۔الیکشن کمیشن کے پاس کروڑوں روپے کا بجٹ ہےمگر دو لائنوں کا خط نہیں لکھ سکتے ، الیکشن کمیشن کو اگر اسٹاف کی ضرورت ہے سیکرٹیریٹ سروس فری دینے کو تیار ہوں جس نے ووٹ ٹرانسفر کرانا ہے مجھ سے رابطہ کرے، الیکشن کمیشن کی نااہلی کی ایک بار مار کھا چکا ہوںیکطرفہ فیصلہ کرنے کا حق الیکشن کمیشن کو کس نے دیا ،ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وہ کوئی خطرہ محسوس نہیں کر رہے لیکن الیکشن کمیشن سے انہیں شکایا ت ہیں۔