13 دسمبر ، 2015
اشک آباد.......وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاک بھارت رابطے اہم ہیں، ان میں رکاوٹ اچھی بات نہیں، پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں ہےتاہم اپنی ریڈ لائنز سے بھی واقف ہے۔
ترکمانستان سے وطن واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے گفت گو کرتے ہو ئے ان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان پر پاکستان کا کنٹرول نہیںہے، جتنا اثر و رسوخ ہے اسے امن و ترقی کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں امن کی بحالی بہت ضروری ہے، اقتصادی سرگرمیوں سے خطے میں عسکریت پسندی اور تشدد پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں اور کوششوں کی معترف ہے، انہوں نے تاپی گیس منصوبے کو خطے کے لیے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقائی رابطوں اور اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، منصوبے سے پاکستان کی ستر فیصد گھریلو ضروریات پوری ہوں گی جبکہ توانائی کے شعبے میں سالانہ ایک ارب ڈالر کی بچت ہوگی۔