پاکستان
13 دسمبر ، 2015

پارہ چنار میں بم دھماکا،جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہو گئی

پارہ چنار میں بم دھماکا،جاں بحق افراد کی تعداد 24 ہو گئی

پارہ چنار......پارہ چنار میں ہونے والے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 24 ہو گئی ہے،جبکہ 70 افراد زخمی ہیں جن میں کچھ افراد شدید زخمی ہیں جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ملک کے سرد ترین علاقے پاراچنار کے شہریوں کو دہشت گردوں نے اس وقت بزدلانہ کارروائی کا نشانہ بنایا جب وہ عید گاہ مارکیٹ کے بازار میں گرم کپڑوں اور دیگر سامان کی خریداری کر رہے تھے کہ اچانک دھماکا ہوادھماکا ہوتے ہی بازار میں ہل چل مچ گئی ہر طرف افرا تفری کا عالم تھا، لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں مارے مارے پھرتے نظر آئے۔

کرم ایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ امجد علی خان نے بتایا کہ دہشت گرد کارروائی میں 35کلوگرم بارودی مواد کا استعمال کیا گیا جسے جوتوں کے ٹھیلے کے ساتھ رکھا گیا تھا۔ دھماکے میں 18 سے زائد شہری اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے جبکہ70سے زائد زخمی بھی ہوئے۔پاک فوج اور پولیٹیکل انتظامیہ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے زخمیوں کو فوری طور پر پہلے ایجنسی ہیڈکوارٹر اسپتال پہنچایاجہاں سے شدید زخمی افراد کو ہیلی کاپٹروں کے ذریعے لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور منتقل کیا گیا،15سےزائدزخمیوں کی حالت اب بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 3،3لاکھ اورزخمیوں کو فی کس ایک ایک لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیاہے۔ اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نیک محمد کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔طوری بنگش قبائل کے رہنما ملک سراج حسین اور ایم این اے ساجد طوری نے تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ خاندانوں کیلئے امدادی رقوم میں اضافہ کیا جائے۔

مزید خبریں :