13 دسمبر ، 2015
اقوام متحدہ ........... اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے کہا ہے کہ پیرس معاہدہ کے ذریعے تقریباً 200 ملکوں کے سربراہوں نے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے جس کے ذریعے عالمی سطح پر غربت کے خاتمہ، امن کی مضبوطی، سب کیلئے عزت اور بھرپور زندگی کے مواقع فراہم کئے جا سکیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرس میں ماحولیاتی تبدیلی روکنے کے حوالہ سے عالمی معاہدہ کی منظوری کے بعد جاری کئے گئے اپنے ٹویٹ پیغام میں کیا۔ بان کی مون نے کہا کہ یہ معاہدہ ہماری اور دنیا بھر کی اقوام کی تاریخی فتح ہے جس سے عالمی سطح پر غربت کے خاتمہ اور امن کی مضبوطی کیلئے مدد ملے گی۔
انھوں نے کہا کہ لوگوں کو باعزت اور سہولتوں سے بھرپور زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کئے جا سکیں گے۔ اس سے پہلے کانفرنس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے بان کی مون نے کہا کہ عالمی برادری نے ایک تاریخی معاہدہ پیش کیا ہے جس میں زہریلی گیسوں کے کم اخراج اور لچکدار ماحول کا وعدہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ تمام سربراہان مملکت، وزراءاور مذاکرات کار مبارکباد کے مستحق ہیں۔