پاکستان
14 دسمبر ، 2015

کوئٹہ میں شدید سردی کے دوران گیس پریشر میں کمی

کوئٹہ میں شدید سردی کے دوران گیس پریشر میں کمی

کوئٹہ..........وادی کوئٹہ ان دنوں سخت سردی کی لپیٹ میں ہے۔ ایسے میں گیس پریشر میں کمی سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔گیس پریشر میں کمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے۔

وادی کوئٹہ میں ان دنوں کم سے کم درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے ہے ۔ کبھی منفی 5تو کبھی منفی 7،ایسے میں انسان تو کیا ہر منظر ٹھٹھرتادکھائی دے رہا ہے۔ موسم کی سختی تو اپنی جگہ تھی ہی مگر اس پر گیس پریشر میں کمی نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے،کہیں گیس پریشر اتنا کم کہ کھانا پکانا تو درکنار،،پانی بھی گرم نہ ہوسکا اور کہیں اتنی گیس بھی میسر نہیں کہ چولہے ہی جل سکیں۔

گھروں میں گیس نہ ہونےسے چولہے ٹھنڈے ہوئے تو شہری ہوٹلوں سے ناشتے اور کھانے کا بندوبست کرنے پرمجبور ہوگئے۔جس سے ان کا گھریلو بجٹ بھی شدید متاثر ہوا ہے ۔اس پریشان کن صورتحال نے شہریوں کو کئی علاقوں میں احتجاج پر بھی مجبور کردیا ہے۔

دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ سردی کی وجہ سے گیس کی طلب بڑھ گئی اور سپلائی کم ہوئی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کو اس کوٹے کے مطابق بھی گیس نہیں دی جارہی جس کی وجہ سے یہ مشکل صورت حال پیدا ہوئی ہے۔

مزید خبریں :