14 دسمبر ، 2015
واشنگٹن........امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کے لڑاکا طیاروں نے عراق اور شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بائیس فضائی حملے کیے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی قیادت میں مشترکہ ٹاسک فورس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ لڑاکا طیاروں نے عراق میں داعش کے ٹھکانوں پر پندرہ فضائی حملے کیے ہیں،ان میں مغربی شہر الرمادی میں داعش کے چھے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔اس کے علاوہ موصل ،فلوجہ ،سنجار ،تل عفر ،سلطان عبداللہ ، رواح اور قریہ میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی گئی ہے۔
شام میں اتحادی طیاروں نے سات فضائی حملے کیے ہیں اور داعش کےدارالخلافہ الرقہ سمیت پانچ شہروں کے قرب وجوار میں واقع داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔اتحادی طیاروں نے داعش کے یونٹوں ،عمارتوں ،گاڑیوں ،آلات اوراسلحے کے ایک ڈپو پر گیارہ فضائی حملے کیے ۔
اتحادی ممالک کے طیاروں کے فضائی حملوں میں نشانہ بننے والے ان شہروں میں داعش نے جون 2014ء سے اپنی خلافت قائم کررکھی ہے۔