15 دسمبر ، 2015
واشنگٹن......... لاطینی امریکا، اسپین اور امریکا میں بچوں کی نازیبا تصاویر اور جنسی استحصال سے متعلق مواد کے خلاف مشترکہ کارروائی کے دوران 60 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن ود آئوٹ بارڈر یعنی سرحدوں سے ماورا کارروائی کے دوران 3 بچوں کو بھی نجات دلائی گئی، جن کی عمریں 9، 14 اور 15 سال ہیں۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کے نیشنل سکیورٹی کمیشن کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ان بچوں کو مبینہ طور پر "ان کے قریبی عزیز، ہمسائے ان کی نازیبا تصاویر اور جنسی مواد حاصل کرنے کے لیے استعمال کر رہے تھے جنہیں بعد میں انٹرنیٹ سائٹ اور سماجی میڈیا نیٹ ورک پر پوسٹ کیا جاتا اور ای میل کے ذریعے بھیجا جاتا تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرحدوں سے ماورا کارروائی میں ارجنٹائن، برازیل، چلی، کولمبیا، کوسٹا ریکا، گوئٹے مالا، میکسیکو، پیراگوئے،ا سپین اور امریکا میں چھاپے مارے گئے۔