پاکستان
15 دسمبر ، 2015

ہم اللہ میاں کے پاس بہت خوش ہیں، شہید بھائیوں کا بہن کو دلاسا

ہم اللہ میاں کے پاس بہت خوش ہیں، شہید بھائیوں کا بہن کو دلاسا

چارسدہ .......سانحہ آرمی پبلک سکول میں چارسدہ کے بھی دو سگے بھائی شہید ہوئیے تھے، ان کی بہن کہتی ہے جب ان کی یاد میں دل گرفتہ ہوجاتی ہے تو دونوں بھائی خواب میں آکر شکوہ کرتے ہیں کہ روتی کیوں ہو، بہنیں تو بھائیوں کی خوشیوں پر ناز کرتی ہیں، ہم تو اللہ میاں کے پاس بہت خوش ہیں۔

چارسدہ سے تعلق رکھنے والی یہ جینا طارق ہے جس کے دوبھائی شیموئل اور ننگیال 16دسمبر کے انسانیت سوز واقعے میں شہادت پا چکے ہیں۔ شہید بھائیوں کی بہن جینا طارق اپنی لکھی گئی نظم میں بھائیوں کو یاد کرتی ہے

(نظم..... اردو میں)

مہک جاتی فضا تیری خوشبوؤں سے
بہاریں تیری جدائی میں بے قرار ہیں
خاموشی چھا گئی ہے، پھول کھل گئے ہیں
صبح تیری آنکھوں کی بینائی میں بے قرار ہے
کوئل خوشی کے گیت اب گا نہیں رہی
حسرت دید کی گریہ و زاری میں بے قرار ہے
موسم بھی ظلم سے پریشان ہو گئے ہیں
یہ فصل گل اب دنیائے عارضی میں بے قرار ہے
مایوس ہوگئی ہے یہ زندگی سے اب
پروانہ رو رہا ہے اے مشعل، تیری جدائی میں بے قرار ہے
گریہ کے تصرف میں بے حال ہو گئی ہیں
جینا کی ہنستی آنکھیں تیری چاہت کی روشنائی میں بے قرار ہیں

جینا طارق نے پشتو میں لکھی گئی اپنی اس غزل میں بھی بھائیوں کو یاد کیا، جس کا اردو ترجمہ یہ ہے:

تیری زندگی کے سنہرے دن،ہم نہیں بھولے
تیری جدائی کے غم،ہم نہیں بھولے
ہم تو ایسے خوش تھے گویا جنت کو پا لیا ہے
تم سے ملاقاتوں کے وہ دن،ہم نہیں بھولے
تیرے حوصلے نے جینے کی طاقت دی ہمیں
لیکن آپ کے فراق کے وہ درد،ہم نہیں بھولے
زندگی کے ہر موڑ پر بہت روئے ہم
لیکن آپ کی وفاکے وہ عہد و پیما، ہم نہیں بھولے
تیری کھلی ہوئی آنکھوں کے دیدار کے لئے
اپنے رب کے سامنے التجائیں کرنا،ہم نہیں بھولے
آنکھیں جھک جاتی ہیں،دل ڈر جاتا ہے
بہادر پختون بھائی کی بہادری،ہم نہیں بھولے
یہ محفلیں اور ان کی رنگینیاںکچھ معنی نہیں رکھتے
لیکن آپ کے غیرت کے وہ تذکرے،ہم نہیں بھولے
اے جینا!اپنے آنسوؤں اور غم کو قابو کر لو
اپنے شموئل کی نصیحتیں،ہم نہیں بھولے

مزید خبریں :