کاروبار
17 دسمبر ، 2015

کراچی میں رینجرز کی حمایت میں تاجر تنظیم کا مظاہرہ

کراچی میں رینجرز کی حمایت میں تاجر تنظیم کا مظاہرہ

کراچی......کراچی کی ایک تاجر تنظیم نے رینجرزکے اختیارات میں کمی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔تاجررہنماؤں کا کہنا تھا کہ رینجرز کو کراچی آپریشن کیلئے پہلے جیسے اختیارات نہ دیے گئے تو گورنر راج اور آئینی دائرے میں فوج کا خیر مقدم کریں گے۔

رینجرز کی حمایت اور ان کے اختیارات میں کمی کے خلاف سندھ اسمبلی تک احتجاجی مظاہرہ پاکستان چوک سے شروع ہوا۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ مکمل امن کے لیے ضروری ہے کہ دہشت گردی کی جڑ کو اکھاڑا جائے ورنہ خدشہ ہے کہ شہر میں پھر بد امنی ہو جائے گی۔تاجروں کے مطابق سہولت کاروں کی گرفتاریوں کیلئے مجرموں سے پوچھا جائے گا تو معاملہ خراب ہو گا۔

سندھ اسمبلی کے قریب ریلی کے اختتام پر تاجر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات کی بحالی تک احتجاجی مظاہرے جاری رہیں گے۔

تاجر رہنما عتیق میر نے ایک موقع پر کہا کہ فوج کے ساتھ مل کر جمہوریت کی بساط لپیٹ دیں گے لیکن اپنی بات کی وضاحت کے سوال پر کہا کہ مارشل لاء کی حمایت نہیں کرتے۔

رہنماؤں کے مطابق کراچی کا امن سب سے زیادہ عزیز ہے، ایسی اسمبلیوں کی اہمیت نہیں جو رینجرز پر قدغن لگائیں، ریلی کے راستے میں رینجرز دفتر کے سامنے شرکاء نے خیرسگالی کے نعرے لگائے اور تصویریں بنوائیں۔

مزید خبریں :