17 دسمبر ، 2015
نیویارک.......عالمی شہرت یافتہ آنجہانی پاپ سنگرمائیکل جیکسن نے اپنی موت کے بعد ایک اور میوزک ریکارڈ توڑ دیا۔امریکا کی ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 1982 میں جاری ہونے والا تھرلرپہلا ایسا البم ہے جس کی امریکا میں تین کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں۔
اس البم نے تیس مرتبہ پلیٹینیم کا سنگ میل عبور کیا، جس کا ایک مطلب یہ ہے کہ اوسطاً ہر دس میں سے ایک امریکی کے پاس یہ البم موجود ہے۔انڈسٹری گروپ کے چیئرمین کیری شیرمن نے ایک بیان میں اسے غیر معمولی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا اس ریکارڈ نے ثابت کر دیا کہ تھرلر ہمیشہ ہمارے دلوں اور موسیقی کی تاریخ میں زندہ رہے گا۔
تھرلر میں’بیٹ اِٹ‘ اور ’بِلی جین‘ جیسے میگا ہٹ گانے موجود ہیں جسکی وجہ سے مائیکل جیکسن ریکارڈ 12 مرتبہ گریمی ایوارڈز کیلئے نامزد ہوئے اور ان میں سے آٹھ مرتبہ کامیابی سمیٹی۔ اس البم کی کامیابی امریکی میوزک انڈسٹری کیلئے اس لیے بھی غیر معمولی ہے کہ مائیکل پہلے افریقی امریکی تھے جنہوں نے ایم ٹی وی پر بہت زیادہ ایئر ٹائم حاصل کیا۔
تھرلر دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونیوالا البم بھی ہے، جس کا کوئی دوسرا البم مقابلہ کرنے سے قاصر ہے۔ایک اندازے کے مطابق تھرلر کی دنیا بھر میں دس کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں۔