22 دسمبر ، 2015
اسلام آباد......پاک فضائیہ کے بنیادی اینٹی ٹیررسٹ کورس میں پہلی بار دو جی ڈی پائلٹس سمیت 5خواتین نے دہشت گردی کے خلاف مسلح اورغیر مسلح حالات میں لڑنے کی تربیت حاصل کی۔
پاک فضائیہ کے بیسک اینٹی ٹیررسٹ کورس کے شرکاء میں تقسیم اسناد کی تقریب اسپیشل سروسز ونگ کلرکہار میں ہوئی، ٹریننگ میں 60 افسران اور 166ائیرمین نے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز کی تربیت حاصل کی۔پاک فضائیہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 5 خواتین آفیسرز نے بھی بنیادی انسداد دہشت گردی کورس مکمل کیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ مادرِ وطن کی حفاظت ہر قیمت پرکی جائے گی، پاکستانی ایک پر امن قوم ہیں لیکن اگر کوئی دشمن لڑنا چاہے تو مادرِ وطن پر مرمٹنے کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کورس میں لیڈی آفیسرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس قوم کی بیٹیاں مردوں کے شانہ بشانہ لڑیں اُسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔
پاک فضائیہ کے سربراہ نے خود بھی فائرنگ رینج میں جا کر جدید ہتھیاروں سے فائرنگ کی، جس کے بعد زیرِ تربیت افسران اور جوانوں نے مسلح اور غیر مسلح دونوں حالات میں لڑنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا۔ اس موقع پر ایئرچیف نے کلر کہار کو پی اے ایف بیس کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا۔