24 دسمبر ، 2015
ڈھاکا......بنگلا دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن نے خاتون سفارتی اہلکار سے متعلق الزامات کو بےبنیاد قرار دے دیا ہے۔
بنگلا دیش میں پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ ایسی بے بنیاد خبر سے تمام سفارتی اقدار کو پامال کیا گیا ہے، ایک مضبوط اور خوشحال بنگلا دیش ہی پاکستان کی طاقت ہے،بنگلا دیش کے میڈیا میں خاتون سفارتی اہلکار سے متعلق آنے والی بے بنیاد رپورٹ کی مذمت کرتے ہیں۔
پاکستانی ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ معلوم ہوا ہے کہ یہ بے بنیاد خبر بنگلا دیش پولیس کے ڈی ٹیکٹو برانچ نے لیک کی، بنگلا دیش کے بعض میڈیا نے بغیر تصدیق کے خبر چلائی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارتی اہلکار پر بنگلا دیش میں ان رہنماؤں کے ساتھ رابطہ رکھنے کا الزام تھا جن پر حکومت کی جانب سے مقدمات تھے۔
بنگلہ دیش میں تعینات پاکستانی ہائی کمیشن نے خاتون اہلکار کو وطن واپس بھیجنے پر رضا مند ی ظاہر کی تھی جو پاکستان کے لیے روانہ ہو گئی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ خاتون سفارتی اہلکار سے متعلق بیان آج جاری کرے گا۔