پاکستان
28 مئی ، 2012

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی برطانوی ہم منصب سے ملاقات

لندن … برطانوی وزیر داخلہ تھریسامے نے کہا ہے کہ برطانیہ غیر قانونی امیگریشن اور جبری شادیوں کی روک تھام کیلئے پاکستان سے مل کر کام کررہا ہے جبکہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ برطانوی ہم منصب سے برطانیہ کی جیلوں میں قید پاکستانی تارکین وطن کا معاملہ بھی اٹھایا ہے۔ وزارت داخلہ کے اعلامیہ کے مطابق وزیرداخلہ رحمان ملک نے لندن میں برطانوی ہم منصب تھریسا مے سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران انسانی اسمگلنگ اور منشیات کے خاتمے، پاکستانی تارکین وطن کے ویزا مسائل، بارڈر مینجمنٹ، دو طرفہ تعلقات اور دہشت گردی کے خاتمے کے معاملات پر بھی تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ نے برطانوی ہم منصب سے گفتگو میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو عالمی برادری میں تسلیم کیا جانا چاہئے۔ رحمان ملک نے کہا کہ دونوں ممالک دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کررہے ہیں۔رحمان ملک نے بتایا کہ انہوں نے برطانوی ہم منصب سے برطانوی جیلوں میں قید ان پاکستانی تارکین وطن کا معاملہ بھی اٹھایا ہے جن کی اپیلوں کا وقت بھی ختم ہوچکا ہے۔

مزید خبریں :