28 مئی ، 2012
گوجرانوالہ … گوجرانوالہ میں مدرسے سے غیرحاضر رہنے پر قاری نے 2 کمسن بھائیوں کو شدید تشدد کا نشانا بناکر زخمی کردیا، تشدد کے شکار ایک بچے کا کہنا ہے کہ قاری اسے روزانہ تشدد کرتا تھا اس لئے وہ مدرسے نہیں جاتے تھے۔ گوجرانوالہ کے تھانہ سول لائن پولیس کے مطابق محلہ علی آباد کے رہائشی 12 سالہ حسنین اور 11 سالہ زبیر کو ان کی والدہ زخمی حالت میں تھانے لیکر آئی۔ بچوں کی والدہ کا کہنا تھا کہ مدرسہ جامعہ طیبہ کے قاری عطا ء الرحمان نے دونوں بیٹوں کو مار مار کر ان کی چمڑی ادھیڑ دی ہے۔ تشدد کا شکار دونوں بچوں نے جیو نیوز کو بتایا کہ وہ مدرسے سے اس لئے غیرحاضر رہتے تھے کہ قاری انہیں روزانہ غیر ضروری تشدد کرتا تھا۔ بچوں نے آبدیدہ ہوتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ماں کو کئی بار بتاچکے ہیں کہ وہ اس قاری کے پاس پڑھنا نہیں چاہتے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تشدد کے شکار دونوں بچوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال روانہ کردیا ہے، جبکہ قاری کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔