03 جنوری ، 2016
واشنگٹن.......امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے سعودی حکومت کے اعلان پر تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں بتایا گیا تھا کہ 47 افراد کو سزائے موت دی گئی ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ایک بیان میں، جان کِربی نے کہا کہ ہم ماضی میں بھی سعودی عرب کے قانونی عمل کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے آئے ہیں، اور سعودی حکومت کی اعلیٰ ترین سطح پر اپنی تشویش کا بارہا اظہار کرتے رہے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم اپنے اس مطالبے کا ایک بار پھر اعادہ کرتے ہیں کہ سعودی عرب کی حکومت کو چاہیئے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنائے اور تمام مقدمات میں منصفانہ اور عدالتی کارروائی کے شفاف عمل کو یقینی بنائے۔ امریکہ، سعودی حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ اختلاف رائے کے پْرامن حق کی اجازت دی جائے۔
انھوں نے کہا کہ ان پھانسیوں کے بعد ہونے والے تنائو کو کم کرنے کے لیے کمیونٹی کے رہنمائوں سے مل کر کام کیا جائے۔ترجمان نے کہا کہ ہمیں خاص طور پر معروف شیعہ عالم اور سرگرم سیاسی کارکن، نمر النمر کی سزائے موت پر تشویش ہے، جس سے فرقہ وارانہ تنائو بڑھنے کا خدشہ ہے،اس وقت تنائو کو کم کرنے کی ضرورت ہے۔