03 جنوری ، 2016
نئی دلی.......پٹھان کوٹ ایئر بیس پر حملے کے بعد بھارتی میڈیا نے حسب روایت غیرذمے داری اور تعصب کا مظاہرہ کیا۔ ریٹنگ کے دیوانے اینکرز حملے کے بعد پاکستان کے خلاف آگ بھڑکانے میں مصروف ہیں۔
بھارت کے الیکٹرانک میڈیا نے پچھلے دو روز کے دوران زرد صحافت کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں۔ پٹھان کوٹ میں حملہ آوروں کی کارروائی ابھی جاری ہی تھی کہ ریٹنگ کے شوقین بھارتی اینکرز نے یہ الزام لگانا بھی شروع کر دیا کہ حملہ آور پاکستانی تھے۔
یہ وہی اینکرز ہیں جو مودی کے دورہ پاکستان پر پیچ و تاب کھاتے رہے۔ ان کا بس نہیں چلتا تھا کہ مودی کا طیارہ لاہور میں اترنے ہی نہ دیں۔ پٹھان کوٹ حملے کے بعد ان اینکرز کی دل کی مرادیں بر آئیں اور یہ اینکرز پاک بھارت تعلقات کو اپنی شعلے اگلتی زبانوں سے بھسم کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو کھسیانی بلی کی طرح کھمبا نوچنے سے فرصت ملتی ہے تو اپنے ہی لوگوں کے بال بھی نوچنے لگتا ہے۔ بھلا بتائیے کہ اس طرح ایک دوسرے کے بال نوچنے سے کبھی کوئی مسئلہ حل ہو سکتا ہے؟ ہاں مسئلے کی گتھیاں مزید ضرور الجھ سکتی ہیں۔