دنیا
04 جنوری ، 2016

پٹھان کوٹ میں ایئرفورس بیس پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری

پٹھان کوٹ میں ایئرفورس بیس پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری

نئی دہلی .....بھارت ریاست پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ میں ائیرفورس بیس پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے ،ائیر بیس پر دو حملہ آوروں کی تاحال موجودگی کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

بھارتی پنجاب کے شہر پٹھان کوٹ کے ایئربیس پر دہشتگردوں کے حملے کوبھارتی حکام کے متضاد بیانات نے پراسرار بنادیاہے،کبھی آپریشن ختم ہونے اور سارے حملہ آور ہلاک کئے جانے کا کہا جاتا ہے اور کبھی بتایا جاتا ہے حملہ آوروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ہے ۔

چار،پانچ چھ یا جتنے بھی دہشتگرد تھے،48 گھنٹوں سے زیادہ کا وقت گزر گیا،لیکن بھارتی سیکیورٹی فورسز ان حملہ آوروں کو قابو نہیں کرسکی،جنہوں نے 2 روز پہلے پٹھان کوٹ میں ائیرفورس کے بیس پر حملہ کیا تھا،دو روز سے چلتا یا معاملہ جہاں شیطان کی آنت بن گیا،وہیں بھارتی سیکیورٹی کے ڈھول کا پول بھی کھول گیا۔

دوسری جانب بھارتی وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کا وہ ٹویٹ دلی سرکار کو بہت بھاری پڑگیا،جس میں انہوں نے نہ صرف تمام دہشتگردوں کو مارگرانے کا دعویٰ کیا تھا بلکہ اپنی جانب سے آپریشن بھی مکمل کرادیا،سیکریٹری داخلہ راجیو مہرشی سے بھارتی صحافیوں نے سوال کیا تو وہ بڑی صفائی سے کنی کتراگئے۔

سارے معاملے کا حاصل حصول یہ نکلا کہ کتنے دہشت گرد آئے تھے،یہ نہیں معلوم،کیا ایک گروپ میں تھے یا دو ٹکڑیوں میں تھے،اس کا بھی نہیں پتہ،لیکن مارے 4 گئے ہیں،اندر شاید اب بھی 2موجود ہیں،اس جواب پر جب صحافیوں نے پوچھا کہ کیا راج ناتھ صاحب تک غلط اطلاعات پہنچائی گئیں، سیکریٹری داخلہ بریفنگ ادھوری چھوڑ کر نو دو گیارہ ہوگئے۔

مزید خبریں :