04 جنوری ، 2016
دبئی......پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹرینز کے صدر آصف زرداری نے کہا ہےکہ پاکستان پیپلزپارٹی پرکرپشن کےبےجاالزامات لگائے جاتےرہےہیں، من پسند احتساب، مقدس گائےکانظری ،اور دہرامعیار بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے۔
آصف زرداری نے ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں مطالبہ کیا کہ آمروں کے قبضے کی توثیق اور غیر ریاستی عناصر کے ذریعے ملکی سلامتی داؤ پر لگانے والوں کا احتساب کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی فرد یا ادارے کوزبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے کیونکہ یہ اقتدار صرف اور صرف عوام کا حق ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو شہید کی 88ویں سالگرہ کے موقع پر سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں پاکستانی عوام بالخصوص پاکستانی نوجوانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کے پہلے براہِ راست منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے سیاسی فلسفہ کا مطالعہ کریں اور اس فلسفہ کی مدد سے ملک کو درپیش سماجی، اقتصادی اورسیاسی چیلنجوں پر قابو پانے کی راہ ڈھونڈیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کا نظریہ تھا کہ اقتدار کا سرچشمہ عوام ہیں، اس موقع پر ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کسی فرد یا ادارے کوزبردستی اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے کیونکہ یہ اقتدار صرف اور صرف عوام کا حق ہے۔
سابق صدر کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے سابق صدر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں مزید کہا ہے کہ مذہب کے نام پر ہم انتہاپسندوں کو اقتدار پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے،شہید بھٹو نے ملک کو متفقہ آئین دیا جس میں کہا گیا ہے کہ صرف اور صرف پارلیمنٹ ہی کو اختیار ہے کہ عوام کے لئے آئین میں ترامیم کر سکے اور قانون سازی بھی کر سکے، عدلیہ کو یہ اختیار ہے کہ پارلیمنٹ کی جانب سے بنائے گئے قوانین کی آئین ہی کے تناظر میں نظرثانی کر سکے لیکن عدلیہ کوئی قانون سازی نہیں کرسکتی اور نہ ہی اس کی مجاز ہے۔ قوانین پر انتظامیہ کو بغیر کسی کی دخل اندازی کے عمل کرنا چاہیے، آج ہم آئین کی حفاظت کے عزم کا اعادہ بھی کرتے ہیں۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ کرپشن کے بے جا الزامات لگائے جاتے رہے ہیں، من پسند احتساب، مقدس گائے کا نظریہ، دہرا معیار اور سیاسی جوڑ توڑ کے لئے کرپشن کا نام استعمال کرنا بھی بدترین قسم کی کرپشن ہے۔ اس کی مزاحمت کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ’’دانش کی کرپشن‘‘ کے مسئلے سے بھی نمٹنا ہے، وہ لوگ جنہوں نے پی سی او کے تحت حلف لے کر آئین سے روگردانی کی، ڈکٹیٹروں کی جانب سے ملک پر قبضہ کی توثیق کی اور’’نان اسٹیٹ ایکٹرز‘‘ کے ذریعے ملکی سلامتی کو داؤ پر لگایا ان سب لوگوں کا احتساب بھی ہونا چاہیے، آج پاکستان پیپلزپارٹی ان تمام لوگوں کو خراجِ عقیدت اور خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے ظلم کے خاتمے کے لئے جدوجہد کی، جبر کی مزاحمت کی، جمہوریت کی بحالی کے لئے قربانیاں پیش کیں اور جمہوری روایات کے ساتھ ثابت قدم رہے۔