28 جنوری ، 2012
ابوظہبی … پاکستان نے ابوظہبی ٹیسٹ میں انگلینڈ کو72رنز سے ہرا کر تین ٹیسٹ میچزپر مشتمل سیریز دو،صفر سے جیت لی۔ پاکستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف145رنز کے تعاقب میں پوری انگلش ٹیم 72رنز پر ڈھیر ہوگئی جو پاکستان کے خلاف اس کا کم ترین اسکور ہے۔ میچ کے چوتھے روز پاکستانی اسپنرز عبدالرحمان، سعید اجمل اور محمد حفیظ نے انگلش بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے پوری ٹیم کی بساط کو 72رنز پر لپیٹ دیا۔ عبدالرحمن نے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 6 اور سعید اجمل نے 3 وکٹیں حاصل کیں، محمد حفیظ ایک وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔ آخری اننگز میں 6 اور میچ میں 8 وکٹیں لینے والے پاکستانی اسپنر عبدالرحمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ چائے کے وقفے کے بعدجب انگلش ٹیم نے 39 رنز 4 کھلاڑی آوٴٹ پر اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو ایک بار پھرپاکستانی اسپنرز کھیل پر چھائے رہے۔ انگلش بیٹسمین کی 6 وکٹیں صرف 33 رنز کا ہی اضافہ کرسکیں۔ چائے کے وقفے سے قبل چائے کے وقفے تک انگلینڈ 4 وکٹوں کے نقصان پر 39 رنز بنانے میں کامیاب ہوا تھا۔ سعید اجمل نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 100 وکٹیں بھی مکمل کرلیں۔ یہ ٹیسٹ بھی ایک مرتبہ پھر اسپنرز کے نام رہا اور چالیس میں سے 31 وکٹیں اسپنرز نے لیں۔شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے والے پاکستانی اسپنر عبدالرحمان نے میچ میں 8 ، سعید اجمل نے 7 اور محمد حفیظ نے 4 وکٹیں لیں۔ پاکستان نے 2005ء کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی ۔