06 جنوری ، 2016
واشنگٹن....... امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ایران اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ کو فون کر کے دونوں ملکوں پر پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں کشیدگی بڑھانے سے گریز کریں۔
امریکا کے محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ جان کیری نے ایرانی اور سعودی وزرائے خارجہ کے علاوہ سعودی ولی عہد سے بھی ٹیلیفون پر بات کی۔ جان کربی کا کہنا تھا کہ اس گفتگو کا محور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور حالات کو پرسکون رکھنے کی کوشش تھا۔انھوں نے کہا کہ امریکاچاہتا ہے کہ ایران اور سعودی عرب اس معاملے کو دوطرفہ بات چیت کے ذریعے حل کریں۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکا اگرچہ اس تنازع کی اہمیت سے انکار نہیں کر رہا لیکن اس خطے میں دیگر اہم مسائل بھی ہیں جنھیں مسلسل توجہ درکار ہے جن میں شام میں سیاسی عمل کو آگے بڑھانا بھی شامل ہے۔جان کربی نے کہا کہ امریکی وزیر خارجہ اس سلسلے میں خطے کے دیگر رہنمائوں سے بھی بات کریں گے۔