12 جنوری ، 2016
واشنگٹن......امریکا کی وسط مغربی ریاست آئیووا میں ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ اور ٹیڈکروز صدارتی انتخابی مہم کی سرگرمی میں پیش پیش ہیں، جنہیں پارٹی کے دیگر امیدواروں کے مقابلے میں خاصی سبقت حاصل ہے۔
یہ بات کیوئنی پیک یونیورسٹی کی عام جائزہ رپورٹ میں کہی گئی ہے۔رائے عامہ کے اس نئے جائزے کے مطابق، کاروباری شخص ٹرمپ کو 31 فی صد کی حمایت حاصل ہے، جب کہ اْن کے بعد ٹیکساس سے امریکی سینیٹر کروز کو 29 فی صد مقبولیت حاصل ہے۔
رائے عامہ کے اس جائزے کے علاوہ این بی سی نیوز/وال اسٹریٹ جرنل/مارسٹ کی جانب سے دوسرا سروے سامنے آیا ہے، جس سے بھی یہ پتا چلتا ہے کہ آئیوا میں ٹرمپ اور کروز قریب ترین امیدوار ہیں لیکن اِس میں کروز کو سبقت حاصل ہے۔
اس تازہ ترین جائزے سے پتا چلتا ہے کہ آئیووا کے ممکنہ ووٹر خیال کرتے ہیں کہ ٹرمپ معیشت، دہشت گردی اور غیر قانونی تارکینِ وطن کے معاملے سے بہتر طور پر نبردآزما ہو سکتے ہیں جب کہ کروز خارجہ پالیسی کو بہتر طور پر دیکھ سکتے ہیں، جنہیں زیادہ ایماندار اور سمجھدار خیال کیا جاتا ہے۔
حالیہ عوامی جائزہ رپورٹوں سے پتا چلتا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی ہیلری کلنٹن اور برنی سینڈرز بھی آئیووا کے ساتھ ساتھ نیو ہیمشائر میں ایک دوسرے کے قریب تر ہیں۔