17 جنوری ، 2016
اسلام آباد .....اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کی27 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا مرحلہ مکمل ہو گیا ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن نے 18 اور تحریک انصاف نے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
اسلام آباد کی مقامی حکومت کی مخصوص نشستوں پر انتخابات پولنگ صبح 9 بجے شروع ہوئی، 50 یونین کونسلز کے چیئرمینز نے حق رائے دہی استعمال کیا،جنہوں نے 17خواتین ،1ٹیکنو کریٹ،3کسان یا مزدور،3غیر مسلم جبکہ 3نوجوان نمائندوں کا انتخاب کیا۔
پانچ بجے گنتی کا عمل شروع ہوا ،جس کے بعد ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر علیم شہاب نے نتائج کا اعلان کیا، ٹیکنو کریٹ کی ایک ہی نشست تھی، جس پر مسلم لیگ ن کے شیخ انصر عزیز کامیاب قرار پائے ۔ خواتین کی 17 میں 11 ن لیگ اور 6 تحریک انصاف نے حاصل کی ہیں ۔
نتائج کا اعلان ہوا تو جیتنے والوں اور ان کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کی مخصوص نشستوں کے انتخابات میں تمام 50 ووٹرز نے 5 مختلف کیٹیگریز کے لیے ووٹ ڈالے ، 250 میں سے2ووٹ مسترد ہوئے ، حتمی اور سرکاری نتائج الیکشن کمیشن کو 2 روز تک بھجوا دیے جائیں گے۔