17 جنوری ، 2016
نیویارک........گزشتہ دو سالوں کے دوران ضرورت سے کم غذا ملنے پر کئی ملکوں میں شہریوں کی موت واقع ہوئی، ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اور بھارت میں غذائی قلت کی شرح 15 سے 25 فیصد تک رہی۔
جبکہ اس عرصے کے دوران افریقی ملکوں میں غذائی قلت کی بدترین صورتحال سامنے آئی ہے ۔ورلڈ فوڈ پروگرام کے جاری کئے گئے نقشے کے مطابق 2014 سے 2016 کے دوران افریقی ملکوں میں غذائی قلت کی صورتحال نہایت تشویشناک رہی ،سینٹرل افریقن ری پبلک ،نمیبیا اور زیمبیا میں 35 فیصد سے زائد آباد ی کو ضرورت سے کم غذا ملی ۔
جبکہ جنگ زدہ افغانستان اور یمن میں 25 سے 35 فیصد آباد ی کوکم غذا ملی،بھارت ،پاکستان ،بنگلادیش اور عراق سمیت کئی ملکوں میں 15 سے 25 فیصد آبادی غذائی قلت کا شکار ہوئی۔چین ،انڈونیشیا،نیپال،سری لنکا میں صورتحال تھوڑی بہتر نظر آئی ،جہاں 5 سے 15 فیصد افراد کو غذائی قلت کا سامنا رہا۔
روس ،امریکہ سعودی عرب ،ایران اور ملائیشیا میں 5 فیصد سے کم افراد غذائی قلت کا شکار ہوئے۔